جمعہ‬‮   26   اپریل‬‮   2024
پاکستان سے رشتہ کیا     لا الہ الا الله
پاکستان سے رشتہ کیا                    لا الہ الا الله

یوم یکجہتی کشمیر : قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی میں تقریب کا انعقاد، کمیونٹی کی بھرپور شرکت

       
مناظر: 709 | 6 Feb 2023  

دبئی (نیوز ڈیسک ) یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی میں ایک کمیونٹی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ دبئی اور شمالی امارات میں پاکستان کے قونصل جنرل حسن افضل خان نے تقریب کی صدارت کی۔ تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
قونصل جنرل حسن افضل خان نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے پرانا ہے۔ بھارت کی 5 اگست 2019 کی غیر قانونی اور یکطرفہ کارروائی کا مقصد جموں و کشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنا اور مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنا ہے۔ یہ اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر، یو این ایس سی کی متعلقہ قراردادوں، بین الاقوامی قانون اور چوتھے جنیوا کنونشن کی صریح خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ کی متعدد رپورٹس جن میں 2018 اور 2019 میں انسانی حقوق کے ہائی کمشنر (OHCHR) کے دفتر کی طرف سے کمیشن کی گئی دو رپورٹس نے کشمیری عوام کے خلاف جاری بھارتی مظالم کی دوبارہ تصدیق کی ہے۔
قونصل جنرل نے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کےلئے پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا اور کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے لیے پاکستان کی حکومت اور عوام کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں، بین الاقوامی میڈیا اور سول سوسائٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کی حالت زار کا نوٹس لیں جنہیں بھارتی مظالم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
تقریب کے موقع پر کشمیر میں بھارتی مظالم کی عکاسی کرنے والی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ تقریب کا اختتام کشمیری شہداء کے لیے خصوصی دعا اور جدوجہد کی کامیابی کے ساتھ ہوا۔