جمعہ‬‮   26   اپریل‬‮   2024
پاکستان سے رشتہ کیا     لا الہ الا الله
پاکستان سے رشتہ کیا                    لا الہ الا الله

عمران خان نے فیصلہ کرلیا، اسمبلیوں کی تحلیل چند روز میں متوقع ہے: شاہ محمود

       
مناظر: 454 | 7 Dec 2022  

لاہور( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان نے فیصلہ کرلیا ہے اور پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل اگلے چند روز میں متوقع ہے، عام انتخابات ہی تمام ملکی مسائل کا حل ہیں۔
لاہور میں شیریں مزاری، فواد چودھری اور اسد عمر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج چیئرمین نے سنیئر لیڈرشپ کا اجلاس بلایا تھا، 26 نومبر کو لاکھوں کی تعداد میں لوگ جمع ہوئے، پاکستان کے عوام سمجھتے ہیں کہ تمام مسائل کا حل نئے انتخابات ہیں، صدر مملکت نے فاصلوں کو کم کرنے کی کوشش کی، حکومت سے معاملات پر پیشرفت نہ ہوسکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے پھر خیبرپختونخوا، پنجاب کی اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا، قومی اسمبلی سے ہمارے ممبران پہلے ہی باہر آچکے ہیں، عمران خان نے آج کی میٹنگ میں ہمیں مشاورت سے آگاہ کیا، عمران خان نے کہا مسائل کا حل نئے انتخابات ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین اسمبلیوں کی تحلیل اگلے چند روز میں کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، پنجاب، خیبرپختونخوا میں ماہ رمضان سے پہلے الیکشن کا عمل مکمل ہوجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی خواہش ہے اسمبلیوں کی تحلیل میں تاخیر نہ کی جائے، سب نے عمران خان کے موقف کی تائید کی ہے، موجودہ حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں ہے، حکومت تاجر طبقے کا اعتماد کھو چکی ہے، ملک میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہورہی، معیشت مسلسل تنزلی کی طرف جارہی ہے، ہر شعبے میں تنزلی کا سلسلہ جاری ہے، مفتاح اسماعیل اور اسحاق ڈار کا موقف سب کے سامنے آچکا ہے، پی ٹی آئی قیادت نےعمران خان کو اسمبلیوں کی تحلیل کا اختیار دیا ہے، ہماری خواہش ہے رمضان سے پہلےصوبوں میں نئی حکومتیں بن جائیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ارشد شریف کی والدہ کو انصاف ملنا چاہیے، اعظم سواتی کی پوری روداد سب کے سامنے ہے، شہباز گل، اعظم سواتی کے خلاف کیسز بنائے گئے، عمران خان پر وزیر آباد میں حملہ ہوا، عمران خان آج تک اپنی ایف آئی آر نہیں کٹواسکے، بہت سنجیدہ معاملات ہیں،عدلیہ سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو سنجیدگی سے سوچنا چاہیے، اعتماد کا فقدان ملک کے لیے نقصان دہ ہوگا، ہم آئینی کردار کے اندر رہتے ہوئے اپنی بات آگے بڑھانا چاہتے ہیں، سات سے 8 ماہ میں جو بدگمانیاں پیدا ہوئیں اس کی بہت سی وجوہات ہوسکتی ہیں، ہم چاہتے ہیں اس خلیج میں اضافہ کے بجائے کمی ہونی چاہیے۔
موجودہ سیاسی صورتحال اور اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا جس میں اسمبلیوں سے استعفوں اور تحلیل کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں حقیقی آزادی مارچ کی کامیابی کے بعد الیکشن کراؤ ملک بچاؤ تحریک کے حوالے سے تفصیلی مشاورت ہوئی، الیکشن کراؤ ملک بچاؤ تحریک کے دائرہ کار وسیع کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس حوالے سے ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ اجلاس میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، فواد چودھری،عمران اسماعیل، تیمور جھگڑا، شفقت محمود، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، اپوزیشن لیڈر سینیٹ شہزاد وسیم، بابر اعوان، شیریں مزاری، سیف اللہ نیازی،عامر کیانی، فرخ حبیب، ڈاکٹر نوشین حامد، عثمان بزدار، میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال، ڈاکٹر ارسلان، بیرسٹر علی ظفر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔