ہفتہ‬‮   27   اپریل‬‮   2024
پاکستان سے رشتہ کیا     لا الہ الا الله
پاکستان سے رشتہ کیا                    لا الہ الا الله

یورپی یونین سے قریبی تعلقات ہیں، جی ایس پی پلس تجارت کیلئے بہت اہم ہے: ترجمان دفتر خارجہ

       
مناظر: 855 | 14 Mar 2024  

 

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے یورپی یونین کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں اور جی ایس پی پلس کا تجارت میں بہت اہم کردار ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا ہمیں امریکا میں 20 مارچ کو ایوان نمائندگان کی سب کمیٹی کے اجلاس کا علم ہے لیکن وہاں گرفتار افراد کی پاکستانی شہریت سے متعلق کوئی اپ ڈیٹ نہیں ہے۔
بھارت کی جانب سے حال ہی میں پاس کیے گئے متنازع شہریت ترمیمی ایکٹ سے متعلق سوال پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا بھارت دوسرے ملکوں کے شہریوں کے بجائے اپنے ملک میں اقلیتوں کو تحفظ دے۔
اسرائیل فلسطین جنگ پر گفتگو کرتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا پاکستان نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں فلسطین کی صورتحال پر بات کی تھی، ہم سمجھتے ہیں کہ فلسطین پر مسلط کی گئی جنگ بند ہونی چاہیے۔
بھارت کے میزائل تجربے کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا پاکستان نے 11 مارچ کو بھارتی میزائل تجربے کا نوٹس لیا، بھارت نے پاکستان کو اس تجربے پر معاہدے کے تحت پہلے آگاہ کیا تھا، بھارت نے معاہدے کے تحت 3 دن کا انتظار نہیں کیا۔
ایک اور سوال کے جواب میں ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا ایرانی حکام نے 3 پاکستانیوں کو بحفاظت بازیاب کرایا، ایرانی حکام کی طرف سے پاکستانیوں کی بحفاظت رہائی پر ایرانی حکام قابل تعریف ہیں، ایران سے ان پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کے لیے قریبی رابطے میں ہیں۔
پاک افغان صورتحال پر دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہا تھا پاکستان افغانستان کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے، دونوں ممالک کے درمیان رابطے کے بہت سے چینلز موجود ہیں، افغانستان کے ساتھ دہشتگردی سمیت دیگر ایشوز پر بات چیت ہوتی رہتی ہے۔