جمعرات‬‮   2   مئی‬‮   2024
پاکستان سے رشتہ کیا     لا الہ الا الله
پاکستان سے رشتہ کیا                    لا الہ الا الله

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مقبوضہ کشمیر سے متعلق جامع رپورٹ جاری کریں، الطاف وانی

       
مناظر: 961 | 5 Mar 2024  

 

جنیوا (نیوز ڈیسک ) کشمیرانسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر ایک جامع رپورٹ جاری کرنے کی اپیل کی ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق الطاف وانی نے جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے جاری 55ویں اجلاس کے دوران ورلڈ مسلم کانگریس اور انٹرنیشنل مسلم ویمنز یونین کی نمائندگی کی ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں خاص طور پر فلسطین سے متعلق انسانی حقوق کے حوالے سے خدشات کو دور کرنے پر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی تعریف کی۔الطاف وانی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر ایک خطرناک علاقہ بن چکا ہے،جہاں بھارتی قابض فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری ہیں اور مقبوضہ علاقے کے ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد عوام عالمی ادارے کی متعدد قراردادوں کے باوجود آج بھی اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت سے محروم ہیں ۔انہوں نے مقبوضہ علاقے میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی قراردیتے ہوئے انکی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ ان کا مقصد سول سوسائٹی کے ارکان ، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کاڈرانا ، دھمکانا ،ظلم و تشدد اور پابندیوں کے ذریعے کشمیریوں کی اپنے بنیادی حقوق کیلئے جدوجہد کو کمزور کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی نسل پرست حکومت جموں و کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی مسلسل خلاف ورزی کررہی ہے ۔ الطاف وانی نے مزید کہا کہ بھارت نہ صرف کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے بلکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں یو این ایچ آر سی کے مینڈیٹ کو بھی مکمل طور پر مجروح کر رہا ہے۔ الطاف وانی نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی حکومت کی طرف سے کالے قوانین کا نفاذ انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا باعث بن رہا ہے ۔ان قوانین کے ذریعے بھارتی فوجیوں کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔انہوں نے کشمیریوں کی حالت زار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو اپنے بنیادی حقوق کا مطالبہ کرنے پر بڑے پیمانے پر گرفتاریوں ، قتل عام ، ظلم و تشدد ، خواتین کی عصمت دری اوردیگر مظالم کا نشانہ بنایا جارہاہے ۔