جمعہ‬‮   26   اپریل‬‮   2024
پاکستان سے رشتہ کیا     لا الہ الا الله
پاکستان سے رشتہ کیا                    لا الہ الا الله

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کرنے کی اپیل

       
مناظر: 610 | 5 Jan 2023  

اسلام آباد (نیوز ڈیسک )کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اپیل کی ہے کہ وہ عالمی ادارے کی طرف سے پاس کی گئی قرارداد کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے کر تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اقدامات کریں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ اپیل آج اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر میں جمع کرائی گئی ایک یادداشت میں کی گئی ۔ یہ یادداشت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے ایک وفد نے کنوینر محمود احمد ساغر کی قیادت میں عالمی ادارے کے دفتر میں جمع کرائی۔یاد داشت میںاقوام متحدہ کے سربراہ کو عالمی ادارے کی جانب سے پاس کی گئی قراردادوں کے ذریعے کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی یاد دہانی کرائی گئی۔
یادداشت میں کہا گیا کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے پاکستان اور بھارت نے ایک انتہائی اہم قرارداد منظور کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ریاست جموں و کشمیر کے بھارت یا پاکستان کے ساتھ الحاق کے سوال کا فیصلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا لیکن بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے کشمیر کا تنازعہ تاحال حل طلب ہے۔
یاد داشت میں مزیدکہا گیا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اس حق کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، اس معاملے پر اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کی خاموشی نے بھارت کو جموں و کشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی جاری رکھنے کی شہ دی ہے۔ قرار داد میں کہا گیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے تنازعہ کشمیر کا کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تصفیہ ناگزیر ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاک کے وفد میں محمود احمد ساغر کے علاوہ شیخ عبدالمتین، الطاف حسین وانی، حسن بنا، اعجاز رحمانی اور امتیاز وانی شامل تھے۔