جمعہ‬‮   26   اپریل‬‮   2024
پاکستان سے رشتہ کیا     لا الہ الا الله
پاکستان سے رشتہ کیا                    لا الہ الا الله

مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے بھارتی منصوبہ کیخلاف احتجاجی ریلی

       
مناظر: 231 | 16 Feb 2023  

 

مظفر آباد (نیوز ڈیسک )غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے مودی فسطائی بھارتی حکومت کے عزائم کے خلاف آج مظفر آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق احتجاجی ریلی کی قیادت قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر، شیخ عقیل الرحمان، پاسبانِ حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی ، مشتاق السلام، عثمان علی ہاشم ، شوکت جاوید میر، ڈاکٹر محمد منظور، چوہدری محمد مشتاق، محمد اسلم انقلابی، محمد ریاض اعوان، عبد الطیف عباسی، راجہ زخیر خان، چوہدری محمد اسماعیل، مبارک حیدر، جہانگیر مغل، تنظیر اقبال، مدثر عباسی، محمد فاروق شیخ، چوہدری شہباز احمد ، محمد اسحاق شاہین، محمد فیاض خان، ڈاکٹر سفیر احمد شیخ، سید محمود شاہ اور دیگر نے کی ۔ مظاہرین نے مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کو جبری طورپر انکی زمینوں سے بے دخل کرنے اور املاک کو منہدم کرنے کے خلاف سیاہ جھنڈے ، بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر اقوامِ متحدہ، سلامتی کونسل اور اسلامی تعاون تنظیم سے بھارتی ریاستی دہشت گردی رکوانے اور 5اگست 2019کے غیر قانونی اقدامات کو کالعدم قرار دینے کے مطالبات درج تھے ۔مظاہرین نے “بھارتیو غاصبو جموں کشمیر چھوڑ دو،جموں کشمیر ہمارا ہے اوربھارتی قبضہ نامنظور”جیسے زبردست بھارت مخالف نعرے بلند کئے ۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ بھارتی حکومت جموں کشمیر پر غیر قانونی قبضے کو طول دینے کیلئے بلڈوزر کو کشمیری شہریوں کیخلاف جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے۔ ان کا کہناتھا کہ بھارت ایک غاصب اور قابض ملک ہے اورکشمیری شہریوں کی جائیدادوں کی مسماراور ضبط کرنا بدترین دہشتگردی ہے۔ مقررین نے کہا کہ عالمی برادری خطے میں امن واستحکام کے قیام کیلئے 5 اگست 2019کے بھارتی اقدامات کو کالعدم قرار دے اورجموں و کشمیر اور اسکے عوام کی زمینوں پر بھارتی حکومت کے غیر قانونی قبضے کو رکوانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔انہوں نے بھارت پر واضح کیاکہ کشمیری عوام ریاست پر بھارت کی جبری فوجی حاکمیت کو کسی طور قبول نہیں کریں گے ۔ مقررین نے حکومت پاکستان سے بھی اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے اہم فریق کی حیثیت سے بھارتی فوجی اقدامات کو عالمی سطح پر اجاگر کرے ۔ شرکا نے برہان وانی چوک سے گھڑی پن چوک تک بھارت کیخلاف احتجاجی مارچ کیا ۔