جمعہ‬‮   26   اپریل‬‮   2024
پاکستان سے رشتہ کیا     لا الہ الا الله
پاکستان سے رشتہ کیا                    لا الہ الا الله

دنیامقبوضہ جموں وکشمیرمیں مودی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کا نوٹس لے: مشعال ملک

       
مناظر: 877 | 30 Nov 2022  

اسلام آباد30نومبر(نیوز ڈیسک)پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں فسطائی مودی حکومت کی طرف سے فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال ، کشمیریوں کی نسل کشی ، آبادی کا تناسب تبدیل کرنے اور دیگر مظالم پرمجرمانہ خاموشی اختیار کرنے پرعالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کے اداروں پر شدید تنقید کی ہے۔
نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظربند سینئرحریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ایک بیان میں کہا کہ 27اکتوبر 1947سے جب بھارت نے غیر قانونی طور پر اپنی فوجیں سرینگر میں اتاری تھیں، یہ خوبصورت وادی وحشیانہ فوجی محاصرے کی زد میں ہے اور خطے میں اختلافی آوازوں کو دبانے کے لئے10لاکھ سے زائد بھارتی فوجی تعینات ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے ہر قسم کے وحشیانہ ہتھکنڈے استعمال کرکے علاقے کواس کے مکینوں کے لیے جہنم بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فسطائی مودی حکومت نے اگست 2019 میں مقبوضہ جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد سے کشمیریوں کے خلاف کریک ڈان کو مزید تیز کر دیا ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر قتل وغارت، ماورائے عدالت قتل، چھاپے، تشدد اوربے حرمتی کے واقعات دیکھنے میں آ رہے ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ دنیا کب تک بھارتی مظالم پر خاموش رہے گی؟ انہوں نے کہاحق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کو فوجی طاقت سے دبایا نہیں جاسکتا۔ مشعال ملک نے کہاکہ مودی حکومت نے وادی کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے اپنے تازہ ترین اقدام میں آٹھ لاکھ کے قریب نئے ووٹرز کو انتخابی فہرستوں میں شامل کیا ہے جن میں سے اکثریت غیر مقامی ہندوئوں کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں جماعت اسلامی کی مزید 188جائیدادوں پر قبضہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قابض حکام نے حال ہی میں جدوجہد آزادی کی حمایت کرنے پر جماعت اسلامی کی 90کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 11جائیدادیں ضبط کردی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قابض حکام پہلے ہی جماعت اسلامی کے زیر انتظام اسکولوں، مساجد اور یتیم خانوں سمیت جائیدادوں کو سیل کر چکے ہیں۔ مشعال ملک نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی فوجی پرتشدد کارروائیوں کے دوران کشمیریوں کے گھروں کو تباہ کر رہے ہیں کیونکہ مودی حکومت نہ صرف کشمیریوں کو بے گھر کرنا چاہتی ہے بلکہ انہیں ان کی شناخت سے بھی محروم کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے ہر وحشیانہ ہتھکنڈا استعمال کر رہا ہے۔ مشعال ملک نے عالمی برادری بالخصوص انسانی حقوق کی تنظیموں پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں مودی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کا نوٹس لے جس نے اس خوبصورت وادی کو ایک ذبح خانے اور دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کر دیاہے۔