جمعہ‬‮   19   اپریل‬‮   2024
پاکستان سے رشتہ کیا     لا الہ الا الله
پاکستان سے رشتہ کیا                    لا الہ الا الله

پاکستانی حکومت اور عوام آزادی کی جدوجہد میں کشمیر کے غیور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں: شیری رحمٰن

       
مناظر: 863 | 5 Feb 2023  

اسلام آباد5فروری(نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ شہید بے نظیر بھٹو نے 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا تھااوریہ دن منانے کا مقصد کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کی مذمت کرنا، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے آواز بلند کرنا اور تنازعہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کرنا ہے۔
شیری رحمان نے اتوار کے روز یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ میں مقبوضہ جموں وکشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ حکومت پاکستان اور ہرپاکستانی شہری آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیر اور کشمیر کے غیور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت 5اگست 2019کو اپنے آئین کی دفعہ370اور 35Aکاخاتمہ کر کے سمجھتی ہے کشمیر بھارت کا ہو گیا۔ بھارت اور دنیا کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ کشمیر اور کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ بھارتی آئین میں ترمیم سے نہیں بلکہ کشمیریوں کی خواہش اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر میں مودی حکومت کے ریاستی جبر پر دنیا کی مجرمانہ خاموشی بہت ہی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں 74سال سے جاری بھارتی ریاستی جبر اور دہشتگردی کا سختی سے نوٹس لے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ جنوبی ایشیا کا سب بڑا تنازعہ 74سال سے زیر التوا ہے۔انہوںنے کہاکہ اقوم متحدہ اور اقوام عالم کو کشمیریوں کی آزادی، انسانی حقوق اور حق خود اختیاری کا احترام کرنا ہوگا۔