جمعرات‬‮   25   اپریل‬‮   2024
پاکستان سے رشتہ کیا     لا الہ الا الله
پاکستان سے رشتہ کیا                    لا الہ الا الله

شبیر شاہ کا کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر پاکستانی حکومت اورعوام کا شکریہ

       
مناظر: 806 | 5 Feb 2023  

سرینگر05فروری(نیوز ڈیسک) کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنے پر پاکستان کی حکومت اور خاص طور پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
شبیر احمد شاہ نے بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جاری جدوجہد کی بھرپور حمایت کرنے پر حکومت پاکستان اور بالخصوص پاکستانی عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے سے کشمیر کاز کے تئیں پاکستان کی مستقل پالیسی، غیر متزلزل عزم اور وفاداری کا بھرپور اظہار ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کی جانب سے مسلسل حمایت کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں جو مصیبت زدہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور بہت سے مشکل چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود عالمی سطح پر ان کی وکالت کرتا ہے۔شبیر شاہ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستان اس وقت تک اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا جب تک کہ ہم بھارت کے غیر قانونی اور جبری قبضے سے آزادی کے اپنے اہم مقصد کو حاصل نہیں کر لیتے۔کشمیر کاز کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہر ممکن تعاون فراہم کرنے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔پاکستانی عوام کے لیے امن، خوشحالی اور معاشی استحکام کی دعا کرتے ہوئے حریت رہنما نے کہاکہ سیاسی طور پر مستحکم اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی کامیابی کا ضامن ہے۔
دریں اثناء تحریک مزاحمت کے جنرل سیکرٹری محمد سلیم زرگر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہونے کے ناطے پاکستان نے ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی اور بین الاقوامی محاذ پر سخت مشکلات اور دبا ئوکے باوجود پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی۔