منگل‬‮   16   اپریل‬‮   2024
پاکستان سے رشتہ کیا     لا الہ الا الله
پاکستان سے رشتہ کیا                    لا الہ الا الله

آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں : شجاعت

       
مناظر: 698 | 27 Dec 2022  

 

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) سابق وزیراعظم و مسلم لیگ قائد اعظم (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہیئیں اور سب پارٹیوں کی بات چھوڑ کر پاکستان کی بات کریں۔ چوہدری شجاعت نے پاکستانی نژادامریکی کاروباری شخصیت نوید انور چوہدری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں وفاقی وزیرطارق بشیر چیمہ، سینیٹر مشاہد حسین، چوہدری شافع حسین و دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ سینیئر صحافیوں سے گفتگو میں چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھاکہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام ناگزیر ہے، آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہیئیں، ہم سب پاکستان کے لیے کام کریں گے تو بچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اکٹھے نہ ہوئے تو سب کی تباہی ہوگی اور ہم سمجھ جائیں گے تو آئی ایم ایف پیسے دے گا، اگر ہم نے سیاست کو نہ سنبھالا تو ایک پیسہ نہیں آئے گا۔ سابق وزیراعظم سوال کیا کہ کیا انتخابات مہنگائی بیروزگاری کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں؟ سب پارٹیوں کی بات چھوڑ کر پاکستان کی بات کریں، پاکستان کی بات ہوگی تو پارٹیاں رہیں گی اور چلیں گی، اگر ہم سمجھے نہیں تو نہ ملک چلے گا اور نہ پارٹیاں چلیں گی۔ ان کا کہنا تھاکہ میں نے اپنی پارٹی کو کہا ہے اپنی نہیں پاکستان کی بات کی جائے، نہ فوج نے آنا ہے نہ کسی اور نے آنا ہے، اگر یہ وقت گزر گیا تو پھر کسی کے ہاتھ نہیں آئے گا، بہت سی طاقتیں پاکستان کو تباہ کرنا چاہتی ہیں۔ چوہدری شجاعت کا کہنا تھاکہ پاکستان کو تباہ کرنے کی خواہشمند طاقتیں خطے میں بھارت کی بالادستی چاہتی ہیں، دشمن ممالک کے سامنے اپناریٹ بڑھانے والوں کے خلاف سخت رویہ اختیارکیا جانا چاہیے۔ عمران خان سے متعلق ق لیگ کے سربراہ کا کہنا تھاکہ عمران خان سمیت سب کو اسمبلی میں واپس آنا چاہیے ، عوام نے انہیں منتخب کرکے بھیجا ہے، عوام دیکھ رہے ہیں کہ ہمارے نمائندے کیا کررہے ہیں، اگر انہوں نے صرف تنخواہ اوردیگر مراعات لینی ہیں تو اس کا کچھ فائدہ نہیں۔