منگل‬‮   23   اپریل‬‮   2024
پاکستان سے رشتہ کیا     لا الہ الا الله
پاکستان سے رشتہ کیا                    لا الہ الا الله

کشمیری آزادی پسندکارکن بشیر احمد وانی مظفر آباد میں انتقال کر گئے

       
مناظر: 716 | 4 Jan 2023  

اسلام آباد (نیوز ڈیسک )کشمیری آزادی پسندکارکن بشیر احمد وانی المعروف خاکی نصر اللہ آج مظفرآباد میں انتقال کر گئے۔
بشیر احمد وانی گزشتہ کئی ہفتوں سے علیل تھے اور مظفرآباد کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔ ان کی نماز جنازہ آج مظفرآباد کے نڑول ہاکی گرائونڈ میں ادا کی جائے گی۔بشیر احمد وانی جن کا تعلق بھارت کے غیر قانونی زیر مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل سے تھا ۔وہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف جدوجہد جاری رکھے ہوئے تھے ۔جدوجہد آزادی کشمیر سے وابستگی کی وجہ سے بھارتی فوجیوں کی طرف سے مسلسل ہراساں کیے جانے کے بعد انہیں پاکستان ہجرت کرنا پڑی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے بشیر احمد وانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بشیر وانی نے اپنی پوری زندگی کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کیلئے وقف کر رکھی تھی ۔ حریت رہنمائوںنے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے مرحوم کی بلندی درجات اور غمزدہ خاندان کیلئے صبر عظیم کی بھی دعا کی ۔

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے سابق کنوینر محمد فاروق رحمانی نے ایک بیان میں بشیر احمد وانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی جموں وکشمیر کی بھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی کے لیے وقف کر دی تھی۔انہوں نے کہا کہ بشیر احمد کی وفات تحریک آزادی کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ محمد فاروق رحمانی نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور غمزدہ لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔