جمعرات‬‮   25   اپریل‬‮   2024
پاکستان سے رشتہ کیا     لا الہ الا الله
پاکستان سے رشتہ کیا                    لا الہ الا الله

جموں وکشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف لانگ مارچ اٹھمقام سے مظفرآباد پہنچ گیا

       
مناظر: 665 | 29 Dec 2022  

 

مظفرآباد (نیوز ڈیسک ) جموں و کشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطالبے کے حق میں پاسبان حریت جموں و کشمیر کے زیر اہتمام اٹھمقام سے شروع کیا جانے والا لانگ مارچ تین روز بعد آج مظفرآباد پہنچ گیا۔
مارچ کا آغاز 27دسمبربروز منگل وادی نیلم کے علاقے اٹھمقام سے کیا گیا تھا ۔ مارچ میں کم ازکم 75افراد شریک تھے ۔ شرکاءنے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے جموں و کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف نعرے لگائے۔مارچ برہان وانی شہید چوک پر اختتام پذیر ہوا۔ مارچ کی قیادت پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم، محمد اسماعیل جگوال، محمد اسحاق شاہین، خواجہ محمد صادق، تنظیر اقبال، لیاقت علی رانا، محمد فیاض خان، فیصل فاروق شیخ، محمد مشتاق اور امتیازعزیزخان نے کی۔
عزیر احمد غزالی نے مارچ کے اختتام پر کہا کہ اس مارچ کا مقصد کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے اور جموں و کشمیر میں رائے شماری کرانے کے مطالبے پر زور دینا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ ہم انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارتی جیلوں میں بند کشمیریوںکی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ عزیر غزالی نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ 5 جنوری کو یوم حق خود ارادیت کے موقع پر گھروں سے باہر نکلیں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کریں کہ وہ کشمیریوں کو حق خود اردیت دلانے کے حوالے سے اپنے وعدے پورے کرے۔انہوں نے کہا کہ مارچ کے اگلے مرحلے میں 5 جنوری کو برہان وانی چوک سے اقوام متحدہ کے مبصرین دفتر تک ریلی نکالی جائے گی جہاں کشمیریوں کو حق خودارادیت کی فراہمی کے حوالے سے قرارداد پیش کی جائے گی۔