جمعہ‬‮   19   اپریل‬‮   2024
پاکستان سے رشتہ کیا     لا الہ الا الله
پاکستان سے رشتہ کیا                    لا الہ الا الله

بھارتی فوجیوں نے جموں میں4بے گناہ کشمیری نوجوانوںکو شہید کردیا

       
مناظر: 904 | 28 Dec 2022  

 

جموں(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںبھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع جموں میں4اورکشمیری نوجوانوں کوایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کوضلع کے علاقے سدرہ میں گاڑی جس میں وہ سفر کر رہے تھے سے نکال کر بہیمانہ طورپر قتل کردیا۔ بعدازاں بھارتی فوجیوں نے انہیں عسکریت پسند قراردیتے ہوئے دعویٰ کیاکہ انہیں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران ایک جھڑپ میں قتل کیاگیاہے۔تاہم عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا ہے کہ شہید نوجوان عام شہری تھے اور فوجیوں نے انہیں ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا ہے۔
ادھربھارتی قابض انتظامیہ نے ضلع بارہمولہ کے علاقے پٹن میں مسلمانوں کو ایک مذہبی پروگرام کے انعقاد سے روکنے کیلئے دفعہ 144کے تحت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ مذہبی تقریب کا اہتمام کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما مسرور عباس انصاری نے کیا تھا۔ اگست 2019 کے بعد سے مودی کی فسطائی بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کے دینی امور میں مداخلت تیز کر دی ہے ۔
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ انہیں بھارتیہ جنتا پارٹی کی انتہا پسند لیڈر اور رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر کی طرف سے بھارت اور مقبوضہ کشمیرمیں مسلمانوں کی نسل کشی کے مطالبے پر کوئی حیرانی نہیں ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی سے کسی بھی چیز کی توقع کی جاسکتی ہے کیونکہ کشمیریوںکو صرف سچ بولنے پر غیر قانونی سرگرمیوں سے روک تھام کے کالے قانون یواے پی اے کے تحت گرفتاریوں کا سامنا ہے ۔ پرگیہ ٹھاکر نے اتوار کو کرناٹک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندوئوں پرزوردیا تھا کہ وہ مسلمانوں کے قتل کیلئے ہتھیا ر اپنے ساتھ رکھیں۔
کشمیریوں نے قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جموں میں احتجاجی مظاہرے کئے ۔ اساتذہ سمیت مظاہرین نے منفرد انداز میںاپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے جموں کے علاقے تریکوٹہ نگر میں بی جے پی ہیڈکوارٹر کے باہر مختلف مشقیں کیں۔ ضلع کپواڑہ میں بھارتی پولیس کی حراست میں75سالہ معمرکشمیری محمد مقبول خان جاںبحق ہو گیا ۔
دریں اثناء مقبوضہ کشمیر کے سرمائی دارلحکومت جموں کے سول سیکرٹریٹ میں اچانک پراسرارآگ بھڑک اٹھی۔آگ نے جلد ہی سیکریٹریٹ کی بالائی منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آگ لگنے کی وجہ فوری طورپر معلوم نہیں ہو سکی ہے۔