جمعہ‬‮   29   مارچ‬‮   2024
پاکستان سے رشتہ کیا     لا الہ الا الله
پاکستان سے رشتہ کیا                    لا الہ الا الله

گائے کی سمگلنگ اور ذبح کرنے کا الزام، اترپردیش میں 120 گرفتار

       
مناظر: 852 | 6 Feb 2023  

ممبئی (نیوز ڈیسک )انڈیا کی ریاست اتر پردیش میں گائے کی سمگلنگ اور ذبح کرنے میں ملوث 120 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ میں پولیس حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ 120 میں سے 110 کو احتیاطی کارروائی کے طور پر پکڑا گیا ہے جبکہ 10 کو گائے ذبح کرنے کے جرم میں حراست میں لیا گیا ہے۔
ایس پی رول راجکمار اگروال کا کہنا ہے کہ ’بریلی ضلع کے 29 پولیس سٹیشنز کی جانب سے ایسے افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو گائے کو ذبح کرنے میں ملوث ہیں۔‘
’ان میں سے 110 وہ ہیں جن کی جانب سے ممکنہ طور پر گائے کو ذبح کیے جانے کا خدشہ تھا اور ان کو پیشگی طور پر گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 10 وہ لوگ ہیں جو گائے کے ذبح کرنے میں ملوث ہیں۔‘
راجکمار اگروال کا مزید کہنا تھا کہ گائے کو ذبح کرنے والوں کے خلاف مہم ایس ایس پی اکھیلیش چوراسیا کی ہدایت پر شروع کی گئی ہے۔
ان کے مطابق گرفتار کیے جانے والے افراد سے بڑی مقدار میں بڑا گوشت اور گائے کو ذبح کرنے کا سازوسامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔
راجکمار اگروال کا کہنا تھا کہ گائے کو ذبح کیے جانے کے واقعات کے باعث ضلع میں امن وامان کی صورت حال خراب ہو رہی تھی۔
’پچھلے سات روز کے دوران بریلی میں گائے کے ذبح کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا، جس کی وجہ سے ہندو تنظیموں میں شدید غصہ پیدا ہوا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اسی وجہ سے متعدد بار امن وامان کی صورت حال خرابی کی طرف گئی۔ اس کے بعد ایس ایس پی کی جانب سے تمام پولیس سٹیشنز کے انچارجز کو سخت ہدایات جاری کی گئی تھیں۔‘