بدھ‬‮   24   اپریل‬‮   2024
پاکستان سے رشتہ کیا     لا الہ الا الله
پاکستان سے رشتہ کیا                    لا الہ الا الله

مودی حکومت نے کشمیریوں کی املاک ضبطی کا سلسلہ تیز کردیا، 250 مزید جائیدادیں ضبط

       
مناظر: 247 | 30 Dec 2022  

 

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے ان کی املا ک کی ضبطی کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت نے ضبطی کی اپنی تازہ ترین لہر میں جماعت اسلامی اور دیگر آزادی پسند کشمیریوں کی کروڑوں مالیت کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ مودی حکومت نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے)، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) جیسے بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی اداروں کو کشمیریوں کی جائیدادوں کو ضبط کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ تحریک آزادی سے وابستہ لوگوں اور جماعت اسلامی کے تقریباً 250 مزید جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں ضبط کیا جائے گا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ مودی حکومت کشمیریوں کی جائیدادوں پر قبضہ کر کے انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔
رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارتی فوجی پرتشدد کارروائیوں کے دوران کشمیریوں کے گھروں کو مسلسل تباہ کر رہے ہیں اور کشمیریوں کو کسی نہ کسی بہانے اپنے ہی وطن میں بے گھر کیا جا رہا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے ہر وحشیانہ حربہ استعمال کر رہا ہے لیکن اس کی سازشیں کشمیریوں کو آزادی کے عظیم مقصد کو آگے بڑھانے سے باز نہیں رکھ سکتیں۔